6 جون 2016 - 18:11
بھوک ہڑتال کے 25 دن بھی مختلف جماعتوں کے وفود اور عمائدین کی آمد و رفت جاری

مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل علامہ احمد اقبال رضوی نے کہا ہے کہ رمضان المبارک رحمتوں اور برکتوں کا مہینہ ہے۔ماہ صیام تذکیہ نفس کے لیے اللہ تعالی کی طرف سے خصوصی انعام ہے۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ اسلام آباد مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سربراہ علامہ ناصر عباس جعفری کی بھوک ہڑتال کے 25 ویں روز بھی احتجاجی کیمپ میں مختلف جماعتوں کے وفود اورعمائدین کی آمدو رفت کا سلسلہ جاری رہا۔احتجاجی کیمپ کے شرکا ء نے علامہ ناصر عباس جعفری کے عزم و حوصلے کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ملت تشیع کے وقار اور سربلندی کے لیے ان کے جدوجہد کو پاکستان کی تاریخ میں سنہری لفظوں سے لکھا جائے گا۔علامہ ناصرعباس نے وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ انسانیت کو بچانے کے لیے ظلم کے خلاف جدوجہد کا درس ہمیں دین اسلام سے ملتا ہے۔ظلم کے خلاف خاموش رہنا غیر اسلامی اور دین محمد ی سے متصادم ہے۔انہوں نے کہا کہ اس وقت دنیا میں دو طاقتیں برسرپیکار ہیں ۔ایک طاقتیں ظالموں کی اور دوسری مظلوموں کی ہے۔ ہم نے ظالم کے خلاف ہمیشہ سینہ سپر رہنا ہے۔دنیا بھر میں جو جو حکومتیں ظالمین کی تائید کرتی ہیں وہ ظلم کی حکومتیں ہیں۔ان کے خلاف قیام کرنا واجب ہے۔وطن عزیز کو گزشتہ تین دہائیوں سے قاتلوں، ظالموں اور لٹیروں نے یرغمال بنایا ہو ا ہے۔ اس مادر وطن کو ان کے شکنجے سے چھڑانا ہے۔وطن کے ہر وفادار بیٹے اورباشعور شخص کو ایسے عناصر کے خلاف آواز بلند کرنا ہو گی جو قومی مفادات کے خلاف سرگرمیوں میں مصروف ہیں۔اگر آج ہم نے مل کر آواز بلند نہ کی تو آنے والی نسلوں کے مستقبل پر سنگین خطرات منڈلاتے رہیں گے۔یاد رہے کہ علامہ ناصر عباس جعفری کے بھوک ہڑتال کے اعلان کے بعد پاکستان اور یورپ سمیت دنیا بھر کے بیشتر ممالک میں قائدمجلس وحدت مسلمین سے اظہار یکجہتی کے لیے پاکستانی سفارت خانوں کے سامنے علامتی بھوک ہڑتال اور احتجاج کا سلسلہ جاری ہے۔اس وقت ملک بھر میں پچاس سے زائد مقامات پر بھوک ہڑتال کیمپ لگے ہوئے ہیں۔ گزشتہ روز امریکی ریاستوں، ڈیلاس، ہوسٹن اور سیاٹل میں بھی علامہ ناصر عباس سے اظہار یکجہتی کے لیے احتجاجی مظاہرے کیے گئے۔

مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل علامہ احمد اقبال رضوی نے کہا ہے کہ رمضان المبارک رحمتوں اور برکتوں کا مہینہ ہے۔ماہ صیام تذکیہ نفس کے لیے اللہ تعالی کی طرف سے خصوصی انعام ہے۔ محض جسمانی عبادات سے اس ماہ کی برکتوں کو مکمل طور پر نہیں سمیٹا جا سکتا بلکہ یہ مقدس مہینہ آپس کے معاملات میں صبرو تحمل رواداری، اخوت ،عجز و انکساری کا بھی تقاضہ کرتا ہے۔روزہ جسمانی مشقت کانام نہیں ہے بلکہ نفس کی تربیت کا ایک بہترین ذریعہ ہے۔یہ ہمیں تمام اخلاقی و جسمانی برائیوں سے دور کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ رمضان کی مناسبت سے دعائیہ محافل اور دیگر تقریبات میں وطن عزیز کے استحکام و ترقی کے لیے خصوصی دعائیں کی جائیں۔ پاکستان کی خوشحالی کے لیے مجلس وحدت مسلمین پاکستان اپنے تمام ضلعی و صوبائی دفاتر میں ماہ رمضان کے دوران خصوصی تقریب ’’شب دعا‘‘منعقد کرے گی۔جس میں پاکستان سے دہشت گردی کے خاتمے ، قومی سلامتی اور ملک کے استحکام کے لیے نوافل ،تلاوت ،اذکار اور مناجات رات بھر جاری رہیں گی۔انہوں نے کہا کہ ماہ رمضان کے دوران انتظامیہ گراں فروشوں پر بھی کڑی نظر رکھے تاکہ عام آدمی اشیائے خوردو نوش کے حصول میں دشواری سے بچ سکے۔ناجائز منافع خوروں کے لیے فوری طور پر کڑی سزاؤں کا جگہ پر تعین کیا جائے تو عام گزر بسر کرنے والے افراد کو اس ماہ میں جن مشکلات کا سامنا رہتا ہے اس میں یقینی طور پر کمی واقعہ ہو گی۔علامہ احمد اقبال رضوی نے کہ امن و امان کے قیام کے ذمہ دار اداروں کو ملک دشمن عناصر پر بھی گہری نظر رکھنا ہو گی تاکہ وہ شر پسندانہ عزائم میں کامیاب نہ ہو سکیں۔مساجد ،امام بارگاہوں سمیت تمام مقدسات اور عبادت گاہوں کی حفاظت ریاست کی اولین ذمہ داری ہے۔اس سلسلہ میں ذرا بھر غفلت کا مظاہرہ نقصان دہ ثابت ہو سکتا ہے۔ماہ رمضان کے دوران ملک بھر میں سیکورٹی کو یقینی بنانے کے لیے غیر معمولی اقدامات انتہائی ضروری ہیں۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

۲۴۲